راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے تجربے سے سخت جان فورس بن چکی ہے ،مسلح ،تربیت یافتہ اور پیشہ وارانہ طور پر مضبوط فوج جنگ روکنے اور امن کی ضمانت ہوتی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے میکنائزڈ فارمیشن کی دفاعی صلاحیتوں کا جائزہ لیاجبکہ مشرقی سرحد پر عباس سیکٹر پر اگلے مورچوں کا دورہ بھی کیا اورروایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے حربی مشقیں دیکھیں۔آرمی چیف نے اعلیٰ معیار کی آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان بھی کیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کی موسم سرما کی اجتماعی ٹریننگ کے دوران دورا کیا ۔اس موقع پر افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور بابائے قوم کے وژن کے مطابق امن کا خواہا ں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جنگی آلات سے لیس تربیت یافتہ فوج ہی جنگ روک سکتی ہے ،ایک پیشہ ورانہ فوج ہی امن کی ضمانت دیتی ہے ۔