اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نااہلی کیخلاف الیکشن کمیشن میں دائر درخواست واپس لے لی۔جمعرات کو الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سابق صدر آصف زرداری کی نااہلی کیخلاف پی ٹی آئی رہنماء خرم شیرزمان کی درخواست کی سماعت کی۔خرم شیر زمان نےآصف زرداری کیخلاف  الیکشن کمیشن میں دائر اپنی درخواست اب واپس لیتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کیخلاف سپریم کورٹ جانا چاہتا ہوں۔ممبر سندھ عبدالغفار سومرو نےکہا کہ آپ ہاتھ سے درخواست لکھ کر دے دیں۔خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمیں ایسے شواہد مل گئے ہیں جو صرف اعلیٰ فورم پر پیش کریں گے۔یاد رہے کہ تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے آصف علی زرداری کیخلاف 20 دسمبر کو الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ نیویارک میں اپارٹمنٹ چھپانے پر انہیں نااہل کیا جائے۔