اسلام آباد: شاہین ایئرلائن کا طیارہ چینی ایئرپورٹ گوانگزو میں پھنسے 214 پاکستانی مسافروں کو لے کر لاہور پہنچ گیا ہے۔ چینی شہر گوانگزو میں شاہین ایئرلائن کی پرواز 29 جولائی کو اڑان نہیں بھر سکی تھی جس کے باعث 260 پاکستانی مسافر ایئرپورٹ پر ہی پھنس گئے تھے تاہم چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور حکومت پاکستان کی مداخلت کے بعد اب شاہین ایئرلائن کی پرواز این ایل 892 گونگزو سے 200 سے زائد مسافروں کو لے کر لاہور پہنچ گئی ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق واپس آنے والے مسافروں میں 185 بڑے افراد جب کہ 29 بچے شامل ہیں۔ شیڈول کے مطابق پرواز کو چین میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر شام 6 بجے لاہور پہنچنا تھا لیکن یہ وقت سے پہلے ہی ساڑھے چار بجے علامہ اقبال ائرپورٹ پر اتر گئی۔