اسلام آباد : متحدہ اپوزیشن آج الیکشن کمیشن کے باہر انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرے گی ۔اپوزیشن میں شامل بڑی جماعتیں مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے سمیت دیگر چھوٹی جماعتیں بھی اس احتجاج کا حصہ ہونگی۔اپوزیشن رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ آج کا احتجاج ایک علامتی احتجاج ہوگا جس کا سلسلہ بتدریج وسیع کیا جائے گا ۔رہنماﺅں کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے کامیاب اور ناکام امیدوار احتجاج کا حصہ ہونگے البتہ اگر کوئی پارٹی کارکن بھی احتجاج میں شامل ہونا چاہے تو اس کو روکا نہیں جائے گا ۔دوسری جانب انتظامیہ نے بھی اپوزیشن کے احتجاج کے پیش نظر ریڈ زون کو محفوظ بنانے کے لئے سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا ہے،ذرائع کے مطابق کسی کارکن کو الیکشن کمیشن تک جانے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ صرف نومنتخب ارکان کو ہی الیکشن کمیشن تک جانے دیاجائیگا ۔عام کارکنوں کو ریڈ زون میں بھی داخل نہیں ہونے دیا جائے گا ۔500پولیس اہلکار ریڈ زون اور الیکشن کمیشن کے باہر تعینات کئے جائیں گے ۔