واشنگٹن: امریکہ کے محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور کینیڈا اس کے قریبی شراکت دار ہیں اور وہ یہ چاہے گا کہ سعودی حکومت ان سرگرم کارکنوں کی گرفتاریوں کے متعلق مزید معلومات فراہم کرے جن پر کینیڈا نے اعتراض کیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ایک ترجمان نے گزشتہ روز پریس بریفنگ میں کہاکہ سعودی عرب عدالتی عمل میں شفافیت کا احترام کرے اور گرفتار افراد کی قانونی حیثیت سے متعلق معلومات افشا کرے۔سعودی عرب نے خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے سرگرم کارکنوں کی گرفتاریوں پر کینیڈا کی نکتہ چینی کے رد عمل میں کل کینیڈا کے سفیر کو ملک سے نکلنے کا حکم دیا تھا۔سعودی عرب نے کینیڈا کے ساتھ تمام نئی کاروباری سرگرمیوں سمیت مشترکہ تعلیمی تبادلوں کے پروگرام بھی معطل کر دئیے ہیں۔