اسلام آباد(عباس ملک سے )  سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انہیں انتخابات میں جیت پر مبارکباد دی اور مستقبل میں مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے گفتگو کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان  نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے ،ہم پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں ۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ ولی عہد کی زیر نگرانی سعودیہ میں کرپشن کے خلاف موثر مہم چلائی گئی ،بہترین گورننس کرپشن کے خاتمے سے ہی ممکن ہے ،ہم بھی ولی عہد کے تجربات سے استفادہ کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک سعودی تعلقات کومزید مستحکم کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے بھی عمران خان کو ٹیلی فون کر کے جیت کی مبارکبا د دی تھی اور انہیں سعودی عرب کے دورے کی دعوت بھی دی تھی جواب میں عمران خان نے دعوت قبول کرتے ہوئے سعودی فرمانروا کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دی تھی ۔