اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کلثوم نواز کے لواحقین کو قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرے گی۔وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کی اہلیہ محترمہ کلثوم نواز کی وفات پر دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز بہادر خاتون تھیں، حکومت محترمہ کلثوم نواز کے لواحقین کو قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرے گی۔وزیراعظم کی جانب سے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کو مرحومہ کے لواحقین کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی میں معاونت کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز کو گزشتہ برس گلے کا کینسر تشخیص ہوا تھا اور وہ ایک سال سے لندن کے اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ آج صبح طبیعت خراب ہونے پر انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا جہاں ان کا انتقال ہوگیا