لاہور:  محکمہ داخلہ پنجاب نے سابق وزیراعظم نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے پے رول میں تین روز کیلئے توسیع کر دی گئی ہے اور اس کا نوٹیفکیشن بھی تھوڑی دیر میں جاری کر دیا جائے گا ۔نجی ٹی وی کے مطابق نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے پے رول کی مدت آج رات بارہ بجے سے شروع ہو گی اور ہفتے کی رات بارہ بجے ختم ہو گی جبکہ حکومت کی جانب سے یہ بھی کہا گیاہے کہ اگر کلثوم نوازشریف کے جنازے اور رسم قل کی تاریخ میں ردو بدل ہوتاہے تو نوازشریف کے پے رول میں مزید توسیع بھی کی جاسکتی ہے ۔شہبازشریف اپنی بھابھی کی میت لینے کیلئے لندن روانہ ہو گئے ہیں ، کلثوم نواز کی لندن کے ریجنٹ پلازہ میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی جس کے بعد میت کو پاکستان لایا جائے گا جبکہ خاندان کے دس سے بارہ افراد بھی ہمراہ آئیں گے ۔واضح رہے کہ گزشتہ رات نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو پے رول پر اڈیالہ جیل سے جاتی امراء منتقل کر دیا گیاتھا ۔