لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ہمارا ایجنڈا پنجاب کے عوام کو اچھی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ تعلیم، صحت، زراعت اور دیگر سماجی شعبوں میں اصلاحات لائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے یو ایس ایڈ کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں تعلیم، صحت، زراعت، توانائی اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مستقبل میں پنجاب کے عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے دو طرفہ معاونت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا پنجاب کے عوام کو اچھی سہولتیں فراہم کرنا ہے، نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، زراعت اور دیگر سماجی شعبوں میں اصلاحات لائیں گے، یو ایس ایڈ کی جانب سے تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کریں گے۔