لندن :  سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ اسلام سینٹر ریجنٹ پارک پلازہ میں ادا کرد ی گئی ہے ، نماز جنازہ امام خلیفہ عزت نے پڑھائی جس میں شہبازشریف ، چوہدری نثار ، حسن، حسین ، اسحاق ڈار لیگی کارکنان اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔تفصیلات کے مطابق نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد کلثوم نواز کی میت کو ہیتھرو ائیرپورٹ لے جایا جائے گا، جہاں رات دس بجے پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے پاکستان روانہ کیا جائے گا، میت جمعہ کی صبح چھ بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی، شہباز شریف، بیٹی اسماء، پوتا زکریا اور ن لیگ کے کارکنان  سمیت 25 افراد میت کے ساتھ لاہور آئیں گے۔حسن اور حسین نواز میت کے ساتھ پاکستان نہیں آئیں گے بلکہ حسین نواز کا بیٹا اپنی دادی کے جسد خاکی کے ہمراہ پاکستان آئے گا۔شہباز شریف کا لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا نواز شریف نے پیرول کے کاغذات پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا، پھر میں نے دستخط کئے، مرحومہ کلثوم نواز کی نمازجنازہ کے بعد میت لے کر پاکستان روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا اللہ نواز شریف اور ان کے بچوں کو صبر جمیل دے، اہلیہ کی وفات پر نواز شریف بہت دکھی ہیں، وہ اس صدمے سے انتہائی دکھ میں ہیں، قوم سے درخواست ہے کلثوم نواز کی مغفرت کیلئے دعا کرے۔صدر مسلم لیگ شہباز شریف نے کہا نواز شریف نے 109 سے زائد پیشیاں بھگتیں، ثبوت کوئی نہیں ملا، نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کلثوم نواز نے حالات کا بڑی دلیری سے مقابلہ کیا، جب ہم جیل میں تھے انہوں نے پختہ ارادے سے پارٹی کیلئے کام کیا۔