سرینگر(بی بی سی)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے جنگ بندی کا اعلان محض ایک دھوکہ ہے، سیدعلی گیلانی کا اپنے ایک بیان میں کہناتھا کہ رمضان المبارک کے دوران بے لگام بھارتی فورسز کی غیر انسانی کارروائیوں سے ایک با ر پھر واضح ہو گیا ہے کہ جنگ بندی کا علان محض ایک دھوکہ کے سوا کچھ نہیں اور بھارتی فورسز کو مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ حریت چیئرمین نے آزادی پسند زینت الاسلام کے اہلخانہ کو تنگ طلب کرنے ، گھر میں توڑ پھوڑ اور املاک کونقصان پہنچانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فورسز اپنی بوکھلاہٹ کی وجہ سے ہر اخلاقی حد کو پار کررہی ہیں۔ ایک منصوبے کے تحت کشمیری عوام پر جنگ تھوپی جارہی ہے جبکہ دوسری طرف نام نہاد جنگ بندی کا ڈرامہ رچا کر عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی جارہی ہے اور حقیقت اس کے برعکس ہے کہ مقبوضہ علاقے میں مارشل لا ء جیسی پابندیاں نافذ ہیں۔