کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے یکم تا 20 ربیع الاول ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی۔ محکمہ داخلہ سندھ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کے مطابق صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جب کہ اسلحہ لے کر چلنے کے تمام اجازت نامے بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔نوٹی فکیشن میں یہ بھی کہا گیا کہ پابندی کے دوران لاؤڈ اسپیکر کے استعمال سمیت نفرت انگیز تقاریر پر مبنی آڈیو اور ویڈیو بیانات چلانے پر بھی پابندی ہوگی۔ پابندی کے دوران عید میلا النبیﷺ کے جلوسوں، میلادؐ کی محافل اور چُپ تعزیوں کے علاوہ پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہوگی جو کہ یکم تا 20 ربیع الاول تک عائد رہے گی۔