ملتان:معروف ماڈل قندیل بلوچ کیس کے مرکزی ملزم اور مقتولہ کے بھائی وسیم کی درخواست ضمانت خارج جب کہ ساتھی ملزم کی ضمانت منظور کرلی گئی۔ ملتان کی سیشن اینڈ ڈسٹرکٹ عدالت میں  قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت جسٹس انوارالحق پنوں نے ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے کیس میں گرفتار مرکزی ملزم اور قندیل کے بھائی  وسیم کی درخواست ضمانت خارج کر دی، جب کہ ساتھی ملزم حق نواز کی ضمانت منظور کرلی گئی۔واضح رہے کہ دونوں ملزمان قندیل بلوچ قتل کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔دو برس قبل سوشل میڈیا پر متنازعہ ویڈیوز کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی ماڈل قندیل بلوچ کو اس کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر گلا دبا کر قتل کردیا تھا۔ ملزم وسیم نے پولیس اور میڈیا کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا تھا۔