راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ سرحدوں پر مادر وطن کا بھر پور دفاع کریں گے ، فوج ہر طرح کے روایتی خطرے کا جواب دینے کیلئے تیار ہے ۔آئی ایس پی آر سے جاری بیا ن کے مطابق آرمی چیف نے سیالکوٹ میں موسم سرما کی مشقوں کا معائنے کے موقع پر کہا کہ مجھے پاک فوج کی قیادت کرنے پر فخر ہے، پاک فوج نے کامیابی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، پاک فوج ملک کے دفاع کے لیے سرحدوں پر کسی بھی روایتی خطرے کا جواب دینے کے لئے تیار ہے، او ر چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹ سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفساد میں مصروف ہیں لیکن رد الفساد کے باوجود روایتی تیاریوں سے غافل نہیں رہ سکتے ، نیم روایتی آپریشن کے تجربات سے ہماری جنگی صلاحیت بڑھی ہے، ہم روایتی جنگ کے لیے اپنی تیاری کو نظر انداز کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس فوج ہی جنگ کا مقابلہ کر سکتی ہے، ہماری پیشہ ور فوج بہترین روایتی ہتھیاروں سے لیس ہے ۔