ابوظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ آج(سوموار) سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جیت کے لئے پرعزم ہیں۔ابوظبی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد  نے کہا کہ  وکٹ کی کنڈیشن دیکھ کر حتمی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا، یاسر شاہ کی کارکردگی سے کافی فائدہ ہوا، کھلاڑیوں کی کوشش ہے کہ پاکستان کو سیریز جتوائیں، محمد عباس کی جگہ شاہین آفریدی ڈیبیو کریں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ فہیم اشرف کو 12 کھلاڑیوں میں شامل رکھا ہے تاہم بلال آصف یا فہیم اشرف میں سے کسی ایک کے انتخاب کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ کیپنگ ان کی جاب ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں وہ ضرور 150 کیچ سے دو شکار دور ہیں، ٹیم کے لیے بہترین وکٹ کیپنگ ان کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے۔واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم صرف 4 رنز سے ہار گئی تھی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے قومی ٹیم نے کیویز کو اننگز اور 16 رنز سے شکست دی تھی۔