واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے سامنے جھوٹ بولنے پر اپنے سابق وکیل مائیکل کوہین کو طویل عرصے تک قید میں رکھنے کا مطالبہ کردیا۔عرب ٹی وی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہین کی جانب سے 2016 کی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ کے کہنے پر روس کے ساتھ ریئل اسٹیٹ معاہدے سے متعلق کانگریس کے سامنے جھوٹ بولنے کا اعتراف کیا تھا، جس کے بعد امریکی صدر کی جانب سے یہ مطالبہ سامنے آیا۔انہوں نے اپنے الزام کو دہراتے ہوئے کہا کہ خصوصی وکیل رابرٹ میولر گواہوں کو مجبور کر رہے ہیں کہ وہ صدر کو نقصان پہنچانے کے لیے جھوٹ بولیں۔واضح رہے کہ رابرٹ میولر روس اور ٹرمپ کی مہم کے درمیان ممکنہ ملی بھگت کی تحقیقات کر رہے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کا مطلب ہے کہ وہ فراڈ، بینک قرضے، ٹیکسز اور تمام وہ چیزیں کریں جو خوفناک ہوں اور ٹرمپ کے لیے غیر متعلقہ ہو اور وہ طویل مدت کے لیے جیل نہ جائے؟سابق وکیل کے بارے میں انہوں نے لکھا کہ انہوں نے اپنے اس مقصد کے لیے جھوٹ بولا اور میرے خیال میں انہیں مکمل سزا ملنی چاہیے۔مائیکل کوہین نے اعتراف کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدر کے لیے ریپبلکن کی نامزدگی حاصل کرنے کے بعد وہ 2016 کی پہلی ششماہی کے درمیان ان رابطوں میں رہے، جس میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن بھی شامل تھے۔