لاہور:صوبائی دارلحکومت لاہور میں پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 9پتنگ بازوں کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق غازی آباد پولیس نے مختلف کارروائیاں کر کے4 پتنگ بازوں کو گرفتار کیا جن میں جمشید، عامر، فرحان اور عاطف شامل ہیں۔ ملزموں کے قبضہ سے پتنگیں، ڈور برآمد ہوئی جن کے ٰخلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔سمن آباد اور نواں کوٹ پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 2 پتنگ بازوں کو گرفتار کیا۔سمن آبادسے پتنگ باز حسن رضا اور نواں کوٹ سے زاہد کو گرفتار کیا گیا۔ ملزموں کے قبضہ سے پتنگیں اور ڈور برآمد ہوئی جن کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔ہربنس پورہ پولیس نے پتنگ باز گرفتار کر لیا۔ ملزم حمزہ کے قبضہ سے پتنگ اور ڈور کی چرخی برآمد ہوئی اور اس کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔ جبکہ شفیق آباد پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے دو پتنگ باز وں کو گرفتار کیا ،طلحہ اور ابتسام کو پتنگ بازی کرتے موقع سے گرفتار کیا گیا جن سے پتنگیں اور ڈور کی چرخیاں برآمد ہوئی ہیں۔ ملزمان کے خلاف پتنگ بازی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے۔ دوسری جانب سی سی پی او لاہور بی اے ناصر کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے سپیشل ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں،تمام سرکل افسران اور ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقے میں خود نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آگاہی کیلئے مساجد میں اعلانات کروائے جا رہے ہیں ،عوام بھی اس خونی کھیل سے دور رہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پتنگ بازروں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔