میلسی(بیوروچیف)سب ڈویژنل پولیس آفیسر میلسی اے ایس پی سلیم شاہ نے کہا ہے کہ تاجر برادری معاشرے کا اہم طبقہ ہے اور تاجروں کا جان و مال تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے تا ہم بڑے کاروباری ادارے اور تاجر تنظیمیں امن و امان کے قیام میں پولیس کا ساتھ دیں اور تاجر برادری اپنے طور پر سیکورٹی آرڈیننس کے تحت حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں ہر کمرشل مارکیٹ اور بڑے کمرشل ادارے سی سی ٹی وی کیمرے لگا ئیں اور سیکورٹی گارڈ کا انتظام کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں مرکزی انجمن تاجران اور ذیلی تاجر تنظیموں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ضلع وہاڑی میں 12سو کانسٹیبل پر مشتمل نفری کام کر رہی ہے اور 25سو افراد کیلئے ایک کانسٹیبل متعین ہے اس لیئے صرف پولیس پر ذمہ داری ڈالنے کی بجائے تجارتی ادارے سیکورٹی کے اقدامات کو یقینی بنائیں تا کہ وارداتوں میں کمی لائی جا سکے انہوں نے کہا کہ آڑھتی برادری ، میڈیکل سٹور یونین، موٹر سائیکل شو روم یونین، صرافہ یونین، کلاتھ ایسوسی ایشن، پرائیویٹ تعلیمی ادارے اور پٹرول پمپ ایسوسی ایشن، اپنے اپنے اداروں پر فوری طور پر سی سی ٹی وی کیمرہ جات نصب کریں بصورت دیگر چیکنگ کے دوران حفاظتی اقدامات نہ ہونے پر متعلقہ اداروں اور افراد کیخلاف مقدمات کا اندراج کیا جائیگا اور سیکورٹی کے اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے صدر شیخ محمد سلیم ، جنرل سیکرٹری کونسلر ملک محمد حبیب، انجمن آڑھتیان کے صدر مہر مجید احمد، صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر ندیم حیدر خان کھچی، موٹر سائیکل یونین کے صدر راؤ ریاض حسین ضیاء، موبائی ایسوسی ایشن کے صدر ماجد رشید مونی، راؤ محمد اشرف،حاجی اللہ دتہ، چوہدری محمد ابراہیم، گلزار علی شکوری، ملک محمد حنیف اور دیگر تاجر رہنماؤں نے مختلف تجاویز پیش کیں اور حفاظتی اقدامات عمل میں لانے کی یقین دہانی کرائی اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ سٹی حاجی محمد بخش، ایس ایچ او ٹبہ سلطانپور محمد انور خان بلوچ سمیت تاجروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

میلسی(بیوروچیف)یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں ملک بھر کی طرح میلسی میں بھی مختلف سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیمون کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں سب سے بڑی ریلی جامع ابوہریرہ سے نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ریلی کے شرکاء الجہاد ، الجہاد کے نعرے لگاتے رہے جبکہ تحریک آزاد جموں کشمیر تحصیل میلسی جماعت اسلامی اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام بھی علیحدہ علیحدہ ریلیاں نکالی گئیں اس موقع پر مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری قوم کی نسل کشی اور غاصبانہ بھارتی قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور اقوام عالم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیااور کہا کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اجاگر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کو مجبور کرے کہ وہ پاس ہونے والی استصواب رائے کی قرارداد پر فوری عمل کراتے ہوئے کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ کرائے دریں اثناء مختلف تعلیمی اداروں میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء و طالبات نے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتے ہوئے اظہار یکجہتی کیا دریں اثناء میلسی میں سرکاری سطح پر یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں کوئی تقریب منعقد نہ ہو سکی اور سرکاری افسران نے 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کی سرکاری چھٹی کو خوب انجوائے کیا ۔

میلسی(بیوروچیف)میلسی میں دو خواتین سے اجتماعی زیادتی کے واقعات ، غیرت کے نام پر کنواری دوشیزہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیاجبکہ دوسرے واقعے میں گونگی دوشیزہ کو بھی تین درندوں نے ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ بتایا گیا ہے کہ چک نمبر71 ڈبلیو بی میں نذیر احمد کو شک تھا کہ (ع) کے بھائی آصف کے ان کی بہن سے ناجائز تعلقات ہیں جس کا بدلہ لینے کیلئے نذیر احمد نے اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ (ع) کو اس کے گھر سے اغواء کیا اور ویرانے میں لے جا کر نذیر احمد اور اس کے دو اوباش ساتھیوں نے (ع) کو باری باری اپنی جنسی ہوس کا نشانہ بنایا، بدلہ لینے کی نیت سے جنسی درندوں نے متاثرہ (ع) کی منت سماجت پر کوئی کان نہ دھرا جس سے (ع) کی حالت غیر ہو گئی تو ملزمان فرار ہو گئے مترو پولیس نے مقدمہ درج کر لیا جبکہ دوسرے واقعہ میں اسی چک نمبر71 ڈبلیو بی میں رشید احمد کی قوت گویائی سے محروم نوجوان بہن کو آصف وغیرہ تین افراد نے ورغلا لیا اور معذور لڑکی کو گنے کے کھیت میں لے جا کر ہوس کے پجاریوں نے باری باری جنسی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور لوگوں کے جمع ہونے پر ملزمان فرار ہو گئے مترو پولیس نے اس وقوعہ کا بھی مقدمہ بھی درج کر لیا ۔

میلسی(بیوروچیف)معروف سماجی کارکن بانی ادارہ انجمن بہبودمریضاں شیخ منیرالدین کی اہلیہ بقضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں مرحومہ کی نماز جنازہ گا باباپیرنتھے شاہ میں اداکی گئی نمازجنازہ میں عزیزو اقارب سمیت سیاسی وسماجی شخصیات نے کثیرتعداد میں شرکت کی دریں اثناء صدرپریس کلب سیدعزیزاللہ شاہ طاہر،جنرل سیکرٹری سیدنویدالحسن قطبی،محمداسلم خان یوسفزئی ،محمد یوسف کامران،متین احمدخا ن ،ابراراحمدشیخ،ملک امیربخش،جنیداحمدخان نے تعزیت کااظہارکرتے ہوئے لواحقین کیلئے صبرجمیل اورمرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی ہے۔

میلسی(بیوروچیف)ایس ڈی او کینال محمد امین نے چھاپہ مار کر پانی چوری کرنے میں ملوث نور محمد اور اس کے ساتھی کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور تھانہ کرمپور میں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر ادیا ۔منشیات فروشی کیخلاف میلسی پولیس کا کریک ڈاؤن سٹی پولیس نے حیدر مہار سے ایک کلو 378 گرام چرس اور گاچی والا کے محمد انور سے 4لیٹر شراب برآمد کر کے ملزمان کیخلاف مقدمات درج کر لیئے جبکہ صدر پولیس نے بستی نعمت علی میں چھاپہ مار کر محمد مختار سے 8 لیٹر شراب برآمد کر لی اور ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ۔سٹی پولیس نے گاڑیوں میں سی این جی سلنڈر کے استعمال کیخلاف کاروائی کے دوران محمد آصف ارائیں کو پک اپ ڈالے سمیت گرفتار کر لیا ملزم نے ڈالے میں دو عدد سی این جی سلنڈر نصب کررکھے تھے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔